گوادر یونیورسٹی اور چین کی جیانگ سو یونیورسٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
گوادر(گوادر پرو)یونیورسٹی آف گوادر (یو جی) اور چین کی جیانگ سو یونیورسٹی (جے یو سی) نے تحقیق، فیکلٹی ایکسچینج اور تعلیمی پروگراموں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
جیانگ سو یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر یان ژاؤہونگ اور وائس چانسلر یو جی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
مفاہمت نامے کے تحت شراکت داروں نے دونوں یونیورسٹیوں کے مفاد اور فوائد کے لیے انجینئرنگ، زرعی سائنس، طب اور انتظام کے شعبے میں پی ایچ ڈی اور پوسٹ ڈاکٹریٹ فیکلٹی ممبران کے لیے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے اشتراکی پروگراموں میں شمولیت کا ارادہ کیا۔
معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا ایم او یو سے دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے فیکلٹی اور طلباء کو فائدہ پہنچے گا اور یو جی کو سی پیک میں متحرک کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
دونوں فریقوں کے درمیان آن لائن میٹنگ کے دوران ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ اجلاس میں وائس چانسلر کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر اسلم، رجسٹرار یو جی دولت خان اور شعبہ مینجمنٹ سائنس کے صغیر احمد نے شرکت کی۔
2021 میں بلوچستان کی صوبائی اسمبلی نے یونیورسٹی آف تربت (یو او ٹی) کے گوادر کیمپس کو بلوچستان کے جنوب مغربی حصے میں ایک نئی یونیورسٹی میں اپ گریڈ کیا۔ ڈاکٹر عبدالرزاق صابر یو جی کے پہلے وائس چانسلر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ یو او ٹی کے بانی وی سی کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے، ڈاکٹر صابر نے 2015 میں گوادر میں یو او ٹی کے ذیلی کیمپس کے قیام کا خیال پیش کیا تھا۔ پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے جولائی 2016 میں گوادر میں یو او ٹی کے ذیلی کیمپس کو مطلع کیا۔ جبکہ کیمپس میں جنوری 2017 میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کی گئیں۔