وزیر اعظم عمران خان کی وزارتوں کو دورہ چین کے لیے تمام ضروری انتظامات کی ہدایت
اسلام آباد (گوادر پرو) وزیر اعظم عمران خان نے پانچ وفاقی وزارتوں اور منسلک محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے آئندہ دورہ چین کے دوران طے پانے وا لی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں کے لیے تمام ضروری انتظامات اور تیاریاں کریں۔
باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے تین روزہ دورہ چین میں خارجہ امور، منصوبہ بندی و ترقی، اطلاعات و نشریات، داخلہ اور ریلوے کے وزراء بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
عمران خان بیجنگ منعقد ہونے والے سرمائی اولمپکس 2022 کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کر یں گے۔
وزیر اعظم نے وزراء کو دورہ چین کے دوران کووڈ 19 پروٹوکول کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے تمام وزراء کو ہدایت کی کہ وہ اس اہم دورے سے قبل اپنی وزارتوں سے ضروری بریفنگ لیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دفتر خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ وزیر اعظم عمران خان سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے کیونکہ وہ 3 سے 5 فروری تک چین کا دورہ کریں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے دورے کے دوران اسلام آباد اور بیجنگ کے حکام دیگر امور کے علاوہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر بھی بات کریں گے۔
