گزشتہ سال پاکستان کی چین کو برآمدات میں 69 فیصد اضافہ ہوا
بیجنگ (گوادر پرو) 2021 میں پاکستان کی چین کو برآمدات68.9 فیصد اضافہ کے بعد 3.58 بلین ڈالر کے تاریخی اعداد و شمار سے تجاوز کر گئیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مجموعی درآمدات اور برآمدات 27.82 بلین ڈالر رہیں۔
چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی) کے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2021 میں پاکستان کی چین کو برآمدات 17 فیصد اضافے کے ساتھ 365.35 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جب کہ پچھلے سال کی اسی مدت میں یہ 312.33 ملین ڈالر تھی، جو اس سال کی دوسری بلند ترین تعداد ہے۔
نومبر 2021 میں پاکستان کی چین کو برآمدات کا حجم 379.17 ملین ڈالر کیساتھ سب سے زیادہ تھا۔
گزشتہ سال، سب سے زیادہ حجم دسمبر 2020 میں تھا جب اس کی برآمدات کا حجم 312.33 ملین ڈالر تھا۔
مجموعی طور پر جنوری سے دسمبر 2021 تک کووڈ 19 سے قطع نظر پاکستان سے چین کی درآمدات مجموعی طور پر 3.58 بلین ڈالر رہی، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 2.12 بلین ڈالر تھی۔
رواں سال چین کی پاکستان کو برآمدات 57.8 فیصد اضافے سے 24.23 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ سال یہ 15.36 بلین ڈالر تھی اور 2019 میں یہ 16.17 بلین ڈالر تھی۔
جووائی آئی کیو آئی کے چیف اکنامسٹ شان سعید نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے کیونکہ برآمدات اور درآمدات دونوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ سی پیک کے ساتھ بی آرآئی منصوبوں کے لیے چین کی وابستگی کا ثبوت ہے۔
ٹریڈ اور کامرس کا حجم اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ چین پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے غیر مشروط مدد اور پاکستان سے مزید درآمدات کرنا چاہتا ہے۔
شان نے کہا کہ چین آنے والے طویل عرصے تک پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستان چین کی غیر مشروط حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اہم مصنوعات تجارت کی میں الیکٹرانکس، ٹیکسٹائل، سمندری غذا اور زرعی مصنوعات میں سالانہ اضافہ ہوا ہے جس سے پاکستان کی معاشی بحالی کو فروغ ملا ہے۔


