En

برفانی طوفان، زونگ کامری اور گلیات میں مفت کالنگ کا  اعلان

By Staff Reporter | Gwadar Pro Jan 10, 2022

اسلام آباد (گوادر پرو) مری اور گلیات کے علاقے میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر، چائنا موبائل کمیونیکیشن کارپوریشن سی ایم پاک (Zong 4G) اپنے صارفین کو تین دن تک بغیر کسی رکاوٹ کے   100 مفت زونگ منٹس  دے  رہا ہے۔
 
زونگ نے اس پیشکش کا اعلان مری میں شدید برف باری اور ٹریفک کی بندش کے باعث اپنی گاڑیوں میں سوار 22 افراد کی موت کے ایک دن بعد کیا۔ خیبرپختونخوا کے علاقے گلیات میں بھی برف باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

زونگ نے اتوار کی شام کو اعلان کیا کہ ہم مری اور نتھیاگلی میں کرائسس زون میں رہتے ہوئے آپ کے خاندانوں سے جڑے رہنے میں مدد کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔ 

اس سے پہلے دن میں  پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) نے اعلان کیا کہ ہنگامی حالات میں، برف سے متاثرہ علاقوں میں موبائل فون صارفین کو فوری طور پر مفت آن نیٹ کالنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

پی ٹی اے کی ہدایت پر، سیلولر موبائل آپریٹرز نے گلیات کے علاقوں میں زیرو بیلنس کے ساتھ پھنسے ہوئے صارفین کو اپنے نیٹ ورک پر مفت کالنگ کی سہولت فراہم کی ہے۔ مزید برآں، پی ٹی اے نے تمام ٹیلی کام آپریٹرز کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ صارفین کے لیے بلاتعطل  سروسز کو یقینی بنائیں اور بجلی کی بندش کی صورت میں بیک اپ کے خاطر خواہ انتظامات رکھیں۔

 سی ایم پاک چائنا موبائل کمیونیکیشن کارپوریشن کا 100  فی صد  ملکیتی ذیلی ادارہ ہے جو 2007 میں پاکستان آیا تھا۔ زونگ پاکستان میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا سیلولر موبائل آپریٹر ہے۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles