سی پیک، فیصل آباد انڈسٹریل زون کو بجلی کا نیا گرڈ سٹیشن اور گیس پائپ لائن دیدی گئی
فیصل آباد (گوادر پرو) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے7 جنوری 2022 کو سی پیک کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن اور گیس سپلائی لائن کا افتتاح کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کوشاں ہے اور صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا ملکی صنعتوں کی ترقی کے لیے نئے گرڈز ضروری ہیں، صنعتی ترقی سے بے روزگاری پر قابو پایا جائے گا، پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت ہیں۔ انہونے کہا اقتصادی ترقی کی رفتار 5 فیصد ہے، بڑھتی ہوئی قیمتوں سے آگاہ ہیں حکومت اس سے نمٹنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جو کہ قابل تعریف ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) انجینئر بشیر احمد نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ ایم تھری (M3) انڈسٹریل اسٹیٹ کے گرڈ اسٹیشن پر 600 ملین روپے خرچ کیے گئے ہیں ۔
فیڈمک کے چیئرمین ظفر اقبال نئے گرڈ سٹیشنوں کی تنصیب کے حوالے سے زیادہ پر امید ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ اس انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم ہونے والی صنعتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے گیس پائپ لائن بھی بچھائی جا رہی ہے اور اب مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بجلی کے گرڈ سٹیشن اور گیس پائپ لائن سے مزید کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔
افتتاحی تقریب میں چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) حافظ احتشام جاوید سمیت دیگر سرمایہ کار، سرکاری افسران اور تاجر بھی موجود تھے۔


