چینی کمپنیوں نے پی ٹی اے سے موبائل فون ڈوائس تیار کرنے کی اجازت حاصل کر لی
اسلام آ باد :چین کی بڑی موبائل فون مینوفیکچرر کمپنیوں سمیت 19 مینوفیکچرنگ کمپنیوں نے پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل ڈیوائسز (2 جی / 3 جی / 4 جی)کی تیاری کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) سے اجازت حاصل کر لی ہے ۔گوادر پرو کے مطابق ابتدائی طور پراگلے دس سالوں کے لئے جاری کردہ اجازت نامے کے تحت ، مینوفیکچررز اپنے برانڈز بھی تشکیل دے سکیں گے جو پاکستان میں تیار ثقافت کو فروغ دینے میں مدد فراہم کریں گے۔ گوادر پرو کو حاصل ایک سرکاری دستاویز کے مطابق ایم ڈی ایم اے حاصل کرنے وا لی غیر ملکی کمپنیوں میں چین کی ان فینکس (Infinix)، آئٹیل (Itel)، ٹیکنو (Techno)، وی وو (Vivo)، اوپو (Oppo)، ریل می (Realme)، ایلکاٹیل (alcatel)، ٹیکنو ٹیل (Techno Tel) اور فیجی موبائل (figi mobile) شامل ہیں۔ یہ تمام کمپنیاں فور جی موبائل فون تیار کریں گی۔ چین کی ٹی سی ایل ٹیکنالوجی اور فینیش کے نوکیا کی مشترکہ ملکیت میں موبائل ہینڈسیٹ کے فرانسیسی / چینی برانڈ الکاٹیل نے بھی MDMA حاصل کیا ہے۔ فجی موبائل واحد غیر چینی غیر ملکی کمپنی ہے جس نے MDMA حاصل کیا ہے۔ ان مینوفیکچررز کے ذریعے تیار کردہ موبائل ڈیوائسز نہ صرف پاکستان میں فروخت کیے جائیں گے بلکہ خطے اور اس سے آگے کی دیگر مسابقتی مارکیٹوں میں بھی برآمدکیے جا سکیں گے۔یہ ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پا کستانی صارفین کے لیے کم قیمت والے ہینڈسیٹ فراہم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔ حکومت نے پاکستان میں مینوفیکچروں کو اپنے پلانٹ لگانے کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے ایک جامع اور معاون 'موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی 'متعارف کرائی جس کے نتیجے میں پی ٹی اے نے 2021 میں موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز جاری کیے۔ ان اقدامات کے تحت موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ کی اجازت جاری کی گئی ہے جو " ڈیجیٹل پاکستان'' کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ پی ٹی اے کے ایک عہدیدار نے گوادر پرو کو بتایا کہ چینی کمپنیوں نے اپنے پلانٹ لاہور اور پنجاب کے فیصل آباد میں لگائے ہیں۔ مستقبل میں وہ سی پیک خصوصی اقتصادی زون میں بھی اپنی کمپنیاں قائم سکتے ہیں۔


